وزیر اعظم کے دورہ روس سے قبل پاکستان کا یوکرین سے اظہار یکجہتی

  • منگل 22 / فروری / 2022
  • 3510

پاکستان نے یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ اعلان  وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سے قبل کیا گیا ہے ۔

یوکرین کی نائب وزیر خارجہ ایمائن زیپر نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ یوکرین میں موجود پاکستانی سفیر میجر جنرل (ر) نوئل اسرائیل کھوکھر نے ان سے ملاقات کی اور یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اظہار کیا۔  انہوں نے یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات کے وقت کو انتہائی معنیٰ خیز قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ ملاقات یوکرین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے چند روز قبل ہوئی ہے۔ تجزیہ کار اسے پاکستان کی جانب سے تعلقات میں توازن کے ایک عمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

ایک دہائی سے زائد عرصے سے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں پاکستان کے سفیر ایک ریٹائرڈ فوجی افسر ہیں۔ پاکستان اور یوکرین کے درمیان خاص طور پر دفاعی پیداوار کے شعبے میں دفاعی تعاون بڑھ رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی بنیاد پر کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

2020 میں یوکرین نے آئی ایل-78 ائیر ریفیولر کی مرمت کا ٹھیکا حاصل کیا جبکہ یوکرینی ساختہ ٹی-80 یو ڈی ٹینکس پاکستان کی آرمرڈ کور کا اہم حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان  یوکرین، گندم بھی درآمد کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان  فروری کو روس کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 23 اور 24 فروری 2022 کو سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ کابینہ کے اراکین سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ دو طرفہ سربراہی ملاقات دورے کا اہم جز ہوگی۔

یہ اعلان روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ جنگ کے خدشے کی وجہ سے دورے سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور اندرون ملک بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے کے دوران سامنے آیا۔

دو دہائی سے زیادہ مدت میں میں کسی پاکستانی وزیر اعظم کا روس کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ آخری مرتبہ سابق وزیراعظم نواز شریف 1999 میں ماسکو گئے تھے۔