سابق وزیر داخلہ رحمان ملک انتقال کر گئے

  • بدھ 23 / فروری / 2022
  • 3230

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 70 سال تھی اور وہ گزشتہ ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

رحمان ملک کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے ترجمان ریاض علی طوری نے کہا کہ 'دکھ، درد اور غم ناقابل بیان ہیں، آج میں ہمیشہ کے لیے ایک عظیم دوست اور مہربان سرپرست سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گیا ہوں'۔

رحمان ملک کو گزشتہ ماہ جنوری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے۔ فروری کے اوائل میں انہیں طبیعت بگڑنے پر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

رحمان ملک کے اہلِ خانہ نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب پھیپھڑوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

سیاست دان کے طور پر ان کا طویل کیریئر تھا اور وہ 2008 سے 2013 تک وزیر داخلہ رہنے کے علاوہ کئی عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے 1973 میں جامعہ کراچی سے شماریات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی اور 2012 میں اسی ادارے نے انہیں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں ان کی خدمات کے صلے میں انہیں ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے دیا گیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے  رحمان ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ ایک محنتی اور لائق وزیر داخلہ رہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمان ملک کی رحلت کی خبر سن کر دکھ ہوا، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے رحمان ملک کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے دوست، بھائی، ساتھی اور ایک بہترین رہنما سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سُن کر شدید صدمہ پہنچا ہے، پروردگار ان کے درجات بلند کرے اور خاندان کے افراد کو صبر عطا کرے۔