وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر روس پہنچ گئے

  • جمعرات 24 / فروری / 2022
  • 2880

وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ روسی کمپنیوں کے ساتھ طویل عرصے سے زیر التوا گیس پائپ لائن کی تعمیر سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ آئیگور موگولوف نے ماسکو پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزرا اور دیگر عہدیداروں پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ روس کے دو روزہ دورے پر روس سے ماسکو روانہ ہوئے تھے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اپنے تاریخی دو روزہ دورہ روس کے لیے ماسکو روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورہ روس کے لیے روانہ ہوئے۔

وزارت توانائی کے ترجمان نے خبرایجنسی رائٹرز کو روس اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک اس منصوبے کو فوری طور پر شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم دورے میں روسی صدر ویلادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے اور معاشی تعاون سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ متعدد مغربی ممالک نے مشرقی یوکرین کے علاقوں میں فوج کی تعیناتی کے بعد روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی جانب سے دو روز قبل جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 23 اور 24 فروری 2022 کو سرکاری دورہ کریں گے۔