اپوزیشن کا ڈراما کامیاب نہیں ہوگا: پرویز خٹک
- جمعرات 24 / فروری / 2022
- 2980
وزیردفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک اعتماد ناکام ہے اور اس ڈرامے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے جو رکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ ڈالے گا وہ نااہل ہوجائے گا اور جب رکن نااہل ہوگا تو یہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہو ں کہ ہم سوئے ہوئے نہیں ہیں، اتنا آسان نہیں کہ ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔ تحریک عدم اعتماد کا ڈرامہ بنا ہوا ہے، ہم اپوزیشن سے دوگنا زیادہ تیار ہیں۔ کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی، صرف لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی ان ہاؤس تبدیلی نہیں آرہی، ہم اپنے اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم نے اپنی تیاری کی ہے اور ہر چیز کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 5 سال مکمل کریں گے، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہے اور رہے گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کا وزارت سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ وعدے پورے کریں گے۔ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے جو ایک دوسرے کو گالیاں اور سڑکوں پر گھسٹنے کی باتیں کرتے تھے، آج وہ ایک ساتھ ہیں۔ اپوزیشن کو ڈر ہے کہ کہیں ان کے مقدمات نہ کھل جائیں۔
اسٹبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان فاصلے بڑھنےسے متعلق صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعظم ہیں، ادارے ان کے ساتھ ہیں۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پھر ہارس ٹریڈنگ کی باتیں شروع کر دی ہیں، کسی مخالف رکن قومی اسمبلی یا رکن صوبائی اسمبلی کو ساتھ ملانا ہارس ٹریڈنگ ہے۔ نواز شریف ہارس ٹریڈنگ کی پیداوار ہے، وہ پھر یہ کوشش کرنا چارہے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی جماعت کے 3 اراکین کو سیاسی جوڑ توڑ کے لیے اپوزیشن کی جانب سے پیسوں کی پیشکش کی گئی ہے۔