اپوزیشن کے دباؤ کے باعث وزیراعظم، جہانگیر ترین سے رابطے پر مجبور

  • اتوار 27 / فروری / 2022
  • 3490

وزیر اعظم عمران خان نے  پاکستان تحریک انصاف کے دوری اختیار کرنے والے رہنما جہانگیر خان ترین سے رابطہ کیا ہے۔ تاکہ  عدم اعتماد کی تحریک کے خلاف ان کی مدد حاصل کی جاسکے۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی حکومت کے اہم اتحادی مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران سے اپوزیشن کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں ان کا ذہن پڑھنے کے لیے رابطہ کیا۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری سے جب وزیرِ اعظم عمران خان کے جہانگیر ترین سے رابطے سے متعلق سوال کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کی تردید یا تصدیق نہیں کرسکتے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کی کوشش میں آخر کار ناکام ہوگی۔ اپوزیشن کے ایجنڈے کو سمجھنا مشکل ہے۔ اپوزیشن کا ایجندڈا اتنا پیچیدہ ہے کہ اس کے اپنے ارکان بھی کنفیوز ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ گچھ روز سے بظاہر بیمار جہانگر ترین علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ روانگی سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹیلی فون پر ان سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اچھا اقدام تھا اور اس سے دونوں کے درمیان تعلقات کی بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جہانگیر ترین دونوں کی لندن میں موجودگی کے دوران ایک دوسرے سے براہ راست رابطہ بھی ہو سکتا ہے۔ شوگر اسکینڈل کے بعد وزیراعظم عمران خان اور جہانگر خان ترین کے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔