یوکرین کے دارالحکومت پر قبضہ کے لئے روسی حملے
- اتوار 27 / فروری / 2022
- 3820
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ آئندہ گھنٹوں میں روسی افواج دارالحکومت کیف پر حملہ آور ہوں گی۔ کیف میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
روسی فوج نے ایک قریبی فضائی اڈے پر قبضہ کر لیا ہے۔ کیف کے میئر نے متنبہ کیا ہے کہ یہ رات یوکرینی دارالحکومت کے لیے بہت مشکل ہونے والی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرینی فوجیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کی قیادت کا تخت الٹا دیں۔ امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ اور کینیڈا نے صدر پوتن پر مزید پابندیاں لگائی ہیں۔
روس کو چیمپیئنز لیگ فائنل، 2022 یورو ویژن مقابلے اور ایف ون گرینڈ پکس کی میزبانی سے بے دخل کر یا گیا ہے۔ یوکرین کی حکومت روس کے خلاف مزاحمت سے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ ایسا یورپ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کر رہی ہے۔
فیس بک پر ایک طویل پوسٹ میں وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف نے فوجیوں، پولیس، طبی عملے اور ہتھیار اٹھانے والے شہریوں کی تعریف کی۔ ریزنیکوف نے لکھا ’اپنے اردگرد نظر دوڑائیں۔ بہت سے لوگوں نے اپنے خوف پر قابو پا کر کریملن کا مقابلہ کرنے کی ہمت کی ہے۔‘
انہوں نے پوچھا ’کیف پر دو گھنٹے میں قبضے کا دعویٰ کرنے والے کہاں ہیں؟ مجھے تو وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں کافی چیلینجز کا سامنا ہے، ساری دنیا کے لوگوں کی نظریں یوکرین پر ہیں اور تین دن پہلے تک جس مدد کا حصول ناممکن تھا، اب وہ پہنچنے والی ہے۔ اس فوج اور ہمارے لوگوں کے بغیر، یورپ کبھی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ ہمارے بغیر یورپ کا وجود ہی نہیں رہے گا۔
آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے فنڈز فراہم کرے گا تاکہ اسے روسی افواج سے لڑنے میں مدد مل سکے۔ اس سے قبل کینبرا میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلیا صرف ’غیر مہلک‘ فوجی ساز و سامان ہی فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے اس فیصلے کا اعلان کرنے سے پہلے اتوار کی صبح سڈنی میں یوکرین اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ایک چرچ سروس میں شرکت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے نیٹو شراکت داروں، خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ مل کر مہلک ہتھیار فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔