پیپلز پارٹی نے حکومت مخلاف لانگ مارچ کا آغاز کردیا
- سوموار 28 / فروری / 2022
- 3420
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم عوامی طاقت کے ذریعے اس سلیکٹڈ حکومت کو ہٹائیں گے۔ اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔
بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حکومت مخالف عوامی مارچ کا کراچی سے آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ ہم سلیکٹڈ حکومت کو ہٹا کر حقیقی عوامی حکومت قائم کریں گے، آج اس عالی شان اور زبردست طریقے سے یہاں سے نکلیں گے کہ بنی گالا سے چیخیں سنائی دیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کے 3 سال بعد عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں اور ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ ہم پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، تمام لوگ اسلام آباد پہنچیں اور اس کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنے میں ہمارا ساتھ دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نےعوام کے ووٹ اور پیٹ پر ڈاکا مارا۔ کٹھ پتلی کے گھر جانے کا وقت آ گیا ہے۔ ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ عمران خان نے تمام صوبوں کے حقوق پر ڈاکا مارا ہے، صوبوں سے ان کے حقوق چھین لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان حکومت کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ یہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔ موجودہ حکومت اٹھارہویں ترمیم کوختم کررہی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی، وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت کم وسائل کے ساتھ زیادہ محنت کرکے صوبے کی خدمت کر رہی ہے۔ عمران کو بھگائیں گے تو تمام صوبوں کو ان کا حق ملے گا، اب وقت آ گیا کہ ہم وفاقی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام کو حق ملا ہے پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملا ہے۔ پیپلز پارٹی نے اٹھارہویں ترمیم کی صورت میں این ایف سی کی صورت میں صوبوں کو اور عوام کو ان کے حقوق دیے لیکن جب تک یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، جت تک پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف حکومت کی ہے تو نہ سندھ اور نہ ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔
3 سال ہو گئے ہیں اب سلیکٹڈ کو جانا ہو گا، عمران خان نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے اور معیشت کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ہم 1973 کے آئین اور معیشت کا تحفظ کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں۔
مارچ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مارچ کے لیے رہائش گاہ سے روانگی سے قبل آصفہ بھٹو زرداری نے بلاول بھٹو کے بازو پر امام ضامن باندھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ موجود ہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی مزار قائد سے اس نا اہل، بے حس حکومت کے خاتمے کے لیے نکل رہے ہیں اور یہ مارچ اس سلیکٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کراچی سے پورے ملک کے عوام کے پاس جائیں گے اور لاکھوں کی تعداد لوگ ان کے ہمراہ اسلام پہنچیں گے اور اس حکومت کا خاتمہ کریں گے۔