کیف کے ٹیلی ویژن ٹاور پر روسی فضائی حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک

  • بدھ 02 / مارچ / 2022
  • 3720

یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مرکزی ٹیلی ویژن ٹاور پر روسی فضائی حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے البتہ عمارت تباہ نہیں ہوئی۔

اے ایف پی کے مطابق شہر میں دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد بابی یار ڈسٹرکٹ میں واقع عمارت سے دھواں دیکھا گیا اور ایمرجنسی سروس کے مطابق اس حملے میں پانچ افراد مارے گئے۔ یوکرین کے حکام نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں فضائی حملے میں جلنے والی لاشوں اور تباہ شدہ گاڑیاں دکھائی گئیں۔

یہ ویڈیو ایک ایسے موقع پر جاری کی گئی جب روس کی فوج لگاتار دوسرے دن خارکیف پر حملہ آور ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹوئٹ میں کہا کہ اگر بابی یار پر بم گرنے پر دنیا خاموش رہتی ہے تو پھر 80سال تک دوبارہ ایسا نہیں ہو گا۔ ایک مرتبہ پھر یہ بربر لوگ ہولوکاسٹ کے متاثرین کو قتل کررہے ہیں۔

یہ ٹاور بابی یار کھائی کے قریب واقع ہے جہاں جنگ عظیم دوئم کے دوران نازیوں نے 30ہزار سے زائد یہودیوں کو قتل کیا تھا، اس جگہ پر یادگار بھی بنائی گئی تھی جس کی زیارت کے لیے یہودی یہاں آتے ہیں۔ یوکرین کے حکام نے روس پر اس یادگار کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

کیف کے میئر ویتالی کلچکو نے کہا کہ حملے سے ٹاور کے ٹرانسفارمر سب اسٹیشن کو نقصان پہنچا جو بجلی کے ساتھ ساتھ کچھ ہارڈویئر بھی فراہم کرتا ہے۔ اس حملے کے ایک گھنٹے بعد یوکرین کے اکثر چینل دوبارہ معمول کے مطابق چلنے لگے تھے۔

اس سے قبل روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہماری افواج کیف میں ٹیکنالوجی کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنائیں گی تاکہ روس پر ہونے والے انفارمیشن کے حملوں کو روکا جا سکے۔