جتنا پیسہ جمع کریں غریبوں پر لگائیں گے: عمران خان

  • بدھ 02 / مارچ / 2022
  • 2990

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے پاکستان کی تاریخ کا ریکارڈ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمارے پاس جتنے پیسے آئیں گے ہم غریبوں پر خرچ کریں گے۔

اسلام آباد میں بلاسود قرضوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا، ہم نے ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا۔ ہمیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر کھڑا کرنا تھا، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم یہ مقصد پورا نہیں کرسکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی اور ہمارا نظریہ ریاست مدینہ کا نظریہ تھا جس میں دو اہم چیزیں تھی۔ ایک انسانیت اور دوسرا انصاف۔ نبیﷺ کا حکم کہ جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہوجاتی ہے یعنی قانون سے بلاتر کوئی نہیں ہونا چاہیے۔

آج مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر غیر مسلم قومیں عمل درآمد کر رہی ہیں۔ عمران خان نے ایف بی آر کی کارکردگی کو سہراتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اتنا ٹیکس اکھٹا کیا ہے اور اس کی وجہ سے میں نے پرسوں ریلیف کا اعلان کیا ہے، جبکہ دنیا میں توانائی اور تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ ہم جتنا پیسہ جمع کریں اور اپنے غریب لوگوں پر لگائیں گے۔ بلاسود قرضوں کے اجرا سے متعلق پروگرام کے حوالے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ابتدائی طور پر کچھ صوبوں میں شروع کیا تھا اب یہ پروگرام ملک بھر میں لا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اس راستے پر نکلے ہیں جس کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا تھا اور یہ پاکستان کی عظمت کا راستہ ہے۔