پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی
- جمعرات 03 / مارچ / 2022
- 3330
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین یونٹ نے بھارتی آبدوز کی پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بحریہ کے اینٹی سب میرین یونٹ نے یکم مارچ کو جدید ترین 'کلوری کلاس بھارتی آبدوز' کو روکا اور ٹریک کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر آبدوز کی ویڈیو فوٹیج شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ہونے والا چوتھا واقعہ ہے۔ اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانا پاکستان نیوی کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کی عکاس ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی بحریہ نے اپنی آبدوز کو پاکستان کے خلاف مذموم مقاصد کے لیے تعینات کیا۔ ایک بار پھر مسلسل چوکس و ہوشیار رہتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان نیوی نے ملک کی بحری حدود میں داخل ہونے کی بھارتی آبدوز کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاک بحریہ کی جاری مشق (سیز پارک۔22 ) کے دوران بھارتی یونٹ کے پاکستان کے سمندری علاقے میں جاسوسی اور مشق کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کا امکان تھا۔ اس لیے سخت نگرانی اور سخت چوکسی کے طریقہ کار کو نافذ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین وار فیئر یونٹ نے آگے بڑھ کر یکم مارچ کو جدید ترین بھارتی آبدوز 'کلوری' کو قبل از وقت روکا اور ٹریک کیا۔
اس سے قبل اس طرح کا آخری واقعہ اکتوبر 2021 میں سامنے آیا تھا جب پاک بحریہ نے ایک بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکا تھا۔
سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کا کنونشن کسی ریاست کو اس کی اجازت کے بغیر خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) اور کسی دوسری ساحلی ریاست کے براعظمی شیلف میں مشقوں یا نقل و حرکت کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔