پشاور دھماکے کے مزید 5 زخمی دم توڑ گئے، شہدا کی تعداد 62 ہوگئی

  • ہفتہ 05 / مارچ / 2022
  • 5140

ایک ترجمان کے مطابق اسپتال میں لائے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے مزید پانچ زخمی توڑ گئے ہیں اور شہدا کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے، تاحال 37 زخمی زیر علاج ہیں۔

گزشتہ روز پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کا مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا گیا۔ مراسلہ ایس ایچ او خان رازق وارث خان کی مدعیت میں ارسال کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا، اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مراسلے  میں بتایا گیا کہ ایس ایچ او مسجد کی سیکیورٹی چیک کرنے کے بعد ساتھ کی گلی میں پہنچا تو فائرنگ کی آواز سنی، ایس ایچ او واپس مسجد لوٹا تو پولیس والے زخمی تھے اور دھماکا ہو چکا تھا، خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کے بعد خود کش حملہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

مراسلے  میں لکھا ہے کہ حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں اور پیدل تھا، حملہ اور کے پاس پستول تھا اور اس نے پہلے فائرنگ کرکے  پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی دفعات کے شامل کی گئی ہیں۔  پولیس اسٹیشن خان رازق سے ارسال مراسلے کی بنیاد پر کوچہ رسالدار دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب جانب سانحہ کوچہ رسالدار کے 25 شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، 14 شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ کوہاٹی چوک میں ادا کی گئی اور  اجتماعی نماز جنازہ علامہ محسن ہمدانی نے پڑھائی۔ 5 افراد کی نماز جنازہ بیرون کوہاٹی گیٹ میں ادا کی گئی، جب کہ کینٹ کے رہائشی دو جاں بحق افراد کی نماز جنازہ حسینیہ ہال پشاور میں ادا کی گئی۔ اجتماعی جنازے کی ادائیگی کیلئے شہر بھر سے اہل تشیع نے شرکت کی۔