امریکا یوکرین پرنو فلائی زونز لاگو نہیں کرے گا

  • منگل 08 / مارچ / 2022
  • 2770

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ روس میں فوج نہیں بھیج رہی اور نہ ہی یوکرین پر نو فلائی زون لاگو کر رہی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ایٹمی طاقت کے ساتھ براہ راست تصادم ہو سکتا ہے۔

 مختلف امریکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹونی بلنکن نے وضاحت کی کہ نو فلائی زون کے لیے امریکا کو اسے سختی سے نافذ کرنے کی ضرورت ہوگی، جس میں یوکرین پر پرواز کرنے والے روسی طیاروں کو مار گرانا شامل ہو سکتا ہے۔

این بی سی میٹ دی پریس پروگرام کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن روس کے ساتھ براہ راست تنازع  کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی ہم نے ایسا کیا کہ یوکرین میں امریکی فوجی یا طیارے روسی طیاروں کے خلاف لڑ رہے ہوں

گزشتہ ہفتے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نیٹو سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ روسی فوجی طیاروں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے نو فلائی زون نافذ کرے۔ امریکا میں بھی متعدد قانون سازوں نے جوبائیڈن انتظامیہ سے یوکرین پر نو فلائی زون نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیٹو رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کا ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اس سے روس کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنگ چھڑ سکتی ہے، وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا کہ ایسا اقدام زیر غور نہیں ہے۔

انٹونی بلنکن نے  کہا کہ روس ایٹمی طاقت ہےْ  صدر کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو کسی جوہری طاقت کے ساتھ براہ راست تنازع اور جنگ میں ملوث نہ کریں۔