بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے موبائل فون کی عارضی رجسٹریشن کا نظام

  • منگل 08 / مارچ / 2022
  • 3910

فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی نے وفاقی ایف آئی اے اور موبائل فون آپریٹر کے ساتھ مل کر سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کے موبائل کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ایک نیا نظام تشکیل  دیا ہے۔

یہ منصوبہ ان سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کے لیے متعارف کروایا گیا ہے جو اپنا موبائل پاکستان میں نہیں رکھنا چاہتے۔ اس طریقہ کار کا اطلاق صرف ایک موبائل فون سیٹ پر ہوگا۔ سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو پاسپورٹ نمبر، پاکستان آنے اور جانے کی متوقع تاریخ، نام پر جاری کردہ موبائل سم اور موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر فراہم کرنا ہوگا۔

یہ نیا سسٹم ایف آئی اے کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) سے فوری توثیق کرے گا تا کہ درخواست گزار کی پاکستان آمد کی تاریخ کی تصدیق کی جاسکے۔ درخواست گزار کے قیام کا دورانیہ 120 روز سے بڑھنے پر اس سہولت کے تحت استعمال کی جانے والی آئی ایم ای آئی معطل کردی جائے گی اور مقامی نیٹ ورک کا استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔

اگر وہی درخواست گزار دوبارہ پاکستان کا دورہ کرتا ہے تو اسے پہلے جمع کرائی گئی دستاویز ایک بار پھر جمع کروا کر اس سہولت کے لیے دوبارہ اپلائی کرنا ہوگا۔ یہ نظام مختصر عرصے پر پاکستان آنے والے غیر ملکیوں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرے گا۔

اس نظام کے تحت متعارف کرائی گئی نگرانی اس بات کو یقینی بنائے گی صرف حقیقی سمندر پار پاکستانی اور غیر ملکی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔