وزیراعظم کے ریلیف پیکج کیلئے 303 ارب روپے کی منظوری
- منگل 08 / مارچ / 2022
- 3680
حکومت نے 3 کھرب 3 ارب روپے کے ضمنی بجٹ کی منظوری دی ہے جس کے ذریعے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اخراجات پورے کئے جائیں گے۔
یہ فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا جس میں رمضان ریلیف پیکج کے لیے 19 اشیا خورونوش پر 8 ارب 28 کروڑ روپے اور کامیاب پاکستان پروگرام کے لیے 3 ارب روپے کی سبسڈی منظور کی گئی۔ اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین نے کی اور ای سی سی کے 12 دیگر اراکین میں سے صرف 3 نے شرکت کی
سپلیمنٹری گرانٹس میں بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کے لیے ایک کھرب 36 ارب روپے اور آئل انڈسٹری کے لیے قیمتوں میں رعایت کے پہلے ماہ کی 20 ارب روپے کی قسط شامل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے ان رعایات کا اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور اسلامی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے بھاری قرضوں کی ادائیگی کے لیے ایک کھرب 35 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ یہ سرٹیفکیٹس روشن پاکستان اکاؤنٹ کا حصہ ہیں، جن میں ڈالر کی صورت میں 7 فیصد یا روپے میں 11 فیصد تک کا شرح منافع شامل ہے۔
ای سی سی نے 4 ماہ (مارچ سے جون) کی ریلیف مدت کے لیے بجلی کی بنیادی شرح میں 5 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔ ریلیف پیکج کا اطلاق لائف لائن صارفین کے سوا تمام کمرشل اور گھریلو نان ٹائم آف یوز کے صارفین پر ہوگا جن کا ماہانہ 700 یونٹس تک کا استعمال ہے، اس پیکج کیلئے ایک کھرب 36 ارب روپے کاتخمینہ لگایا گیا ہے۔