وزیراعظم کا دورہ کراچی،ایم کیو ایم رہنماؤں سے تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال

  • بدھ 09 / مارچ / 2022
  • 2740

وزیر اعظم عمران خان نے آج کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان  کے مرکز بہادر آباد میں ایم کیو ایم رہنماؤں سے تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا۔

ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد وزیراعظم گورنر ہاؤس روانہ ہوگئے جہاں وہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان ایم کیو ایم پاکستان  کی قیادت سے ملاقات کے لیے پارٹی کے عارضی مرکز بہادرآباد پہنچے تھے۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ وزیر اعظم آج اپنے اتحادیوں، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس  سے ملاقاتیں کرنے کے لیے کراچی پہنچے ہیں۔ ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم صوبہ سندھ میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے عوامی نمائندوں، پی ٹی آئی کے منتخب اراکین سندھ اسمبلی اور پارٹی کی صوبائی و ڈویژنل سطح کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور گورنر سندھ عمران اسمعٰیل موجود ہیں۔ وزیراعظم  3 ماہ میں کراچی کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ پی ٹی آئی سندھ کی قیادت نے کہا کہ وزیراعظم ایک روزہ دورے کے دوران حکومتی اتحادیوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

پارٹی کے ترجمان ایم پی اے ارسلان تاج نے کہا کہ وزیراعظم پارٹی کی سندھ ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

کراچی کے دورے کے موقع پر سیاسی مصروفیات کے علاوہ وزیر اعظم پی ٹی آئی حکومت کے فلیگ شپ پروگرام کے 3 سال مکمل ہونے پر مستحقین میں احساس کارڈ بھی تقسیم کریں گے۔