بھارت کے ریاستی انتخابات: بی جے پی اکثر صوبوں میں آگے ہے
- جمعرات 10 / مارچ / 2022
- 2880
انڈیا میں فروری اور مارچ 2022 کے دوران پانچ ریاستوں میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور سامنے آنے والے ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چار ریاستوں، اُتر پردیش، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ، میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جبکہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی آگے ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں پارٹیاں ہی ان پانچ ریاستوں میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ نتائج کے رجحانات یہ بھی ظاہر کر رہے ہیں کہ ان سبھی ریاستوں میں انڈیا کی بڑی اپوزیشن پارٹی یعنی کانگریس بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام ہے۔
انتخابات کے دوران ریاست گوا کی اسمبلی کی 40 نشستوں، منی پور میں 60 ، پنجاب میں 117، اتراکھنڈ میں 70 جبکہ اتر پردیش میں 403 نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے۔ موجودہ رجحانات یہ اشارہ کر رہے ہیں کہ بی جے پی گوا، منی پور، اتراکھنڈ اور اتر پردیش میں حکومت میں واپسی کی راہ پر ہے اور عام آدمی پارٹی پنجاب میں کانگریس کی متبادل کے طور پر نظر آ رہی ہے۔ اگر عام آدمی پارٹی پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ دہلی سے باہر اس پارٹی کی پہلی حکومت ہو گی۔
سیاسی ماہرین کے مطابق بہتر کارکردگی نہ دکھانے والی اپوزیشن پارٹیاں ملک میں بڑھتی مہنگائی، کسانوں کے احتجاج اور دیگر مسائل سے برسراقتدار بی جے پی کے خلاف فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہیں۔ جبکہ بی جے پی کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی حکمت عملی، جاری کی گئی فلاحی سکیموں، مبینہ طور پر فرقہ وارانہ بیان بازی اور ٹکٹوں کی بہتر امیدواروں میں تقسیم سے فائدہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔
،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES
سب سے بڑی اور اہم ریاست اتر پردیش ہے جس کی آبادی تقریباً 20 کروڑ ہے اور بی جے پی اور کانگریس کے علاوہ اس ریاست میں سماج وادی پارٹی (ایس پی)، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور راشٹریہ لوک دل جیسے علاقائی پارٹیاں بھی انتخابی دوڑ میں تھیں۔ رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُترپردیش میں بی جے پی کو 2017 کے مقابلے میں کم سیٹوں سے فتح ملنے کا امکان ہے۔ فی الحال اس ریاست کی 403 نشستوں میں سے سامنے آنے والے نتائج کے مطابق بی جے پی 249 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی سماج وادی پارٹی 122 سیٹوں پر آگے ہے۔