اسپیکر فلور کراسنگ کرنے والے رکن کو نااہل قرار دے سکتا ہے: شیخ رشید
- جمعرات 10 / مارچ / 2022
- 3400
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم میں تمام جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسپیکر کو اختیار دیا تھا کہ وہ ’فلور کراسنگ‘ کرنے والے کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو نا اہل قرار دے سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23 سے 30 مارچ کا ہفتہ بہت اہم ہے۔ میں ہمیشہ سے کہتا ہوں کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے، عمران خان جیتیں گے۔ اسپیکر کے پاس فلور کراسنگ کرنے والوں کو نااہل قرار دینے کے اختیارات ہیں۔ 18ویں ترمیم میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے اسپیکر کو اختیارات دیے گئے تھے اور اسپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کے لیے 172 ووٹ لازمی لانے پڑیں گے اور پی ٹی آئی کے لوگ بکنے اور بَکنے کے عمل میں شامل افراد کا سیاسی گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی ووٹنگ کے روز اسمبلی کے باہر ہوں گے اور جیتنے کے بعد ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور احتساب کے خوف نے ان تینوں کو اکٹھا کیا ہے، یہ تینوں ایک دوسرے کے خلاف تھے۔ آج جو بولیاں لگ رہی ہیں مجھے یقین ہے کہ ان بولیوں کو ٹھکرایا جائے گا اور یہ لوگ عوامی و سیاسی گھیراؤ اور احتساب کے دائرے میں آئیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 23 اور 24 مارچ کو او آئی سی کے اجلاس کے سبب اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں کیا جاسکتا۔ انشااللہ یکم اپریل کو انہیں اپریل فول بنایا جائے گا۔ ان تینوں جماعتوں کا انجمن مفاد باہمی اپنی ذات ہے اور انہیں عمران خان کے احتساب کا ڈر ہے۔ اب آپ کہہ رہے ہیں امپائر غیر جانبدار ہے، جب آپ ہار جائیں تو بھی آپ نے یہی کہنا ہے کہ امپائر نیوٹرل تھا، کسی تھرڈ امپائر کا نیا کھاتا نہ کھول دینا۔
عمران خان کے جلسے میں نیٹو کے خلاف خطاب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنے جلسوں میں عوام کے سامنے خارجہ پالیسی رکھا کرتے تھے۔ عمران خان نے بھی ایسا ہی کیا۔ اپوزیشن کی سامراجی سوچ ہے جبکہ پاکستانی عوام کی یہ سوچ نہیں ہے۔ ہماری معیشت خراب ہی سہی، ہم تمام عالمی طاقتوں سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔