تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات

  • جمعہ 11 / مارچ / 2022
  • 3010

تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے لندن میں ملاقات کی ہے۔ 

تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان نے مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔اس حوالے سے علیم خان کے انتہائی قریبی ذرائع نے تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی طویل ملاقات میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی، علیم خان نے پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بیڈ گورننس کے حوالے سے نوازشریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔جب کہ نواز شریف نے سیاسی رہنما کی حیثیت سے علیم خان کے کردار کو سراہا۔A

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان مسلم لیگ(ن) میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے بلکہ . تحریک انصاف میں ہم خیال گروپ کی قیادت کریں گے۔ ان کی جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوگی اور وہ آج وطن واپس آئیں گے۔ اور آئندہ چند روز میں اراکین اسمبلی کے ساتھ میڈیا کے سامنے پاور شو کریں گے۔

تاہم بعض خبروں کے مطابق علیم خان کی ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی ملاقات میں موجود تھے۔  لندن میں ہی موجود پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین ملاقات میں موجود نہیں تھے۔

 علیم خان کی نواز شریف سے بدھ کے دن تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان نے لندن آنے سے قبل شہباز شریف سے بھی لاہور میں ملاقات کی تھی۔

علیم خان نے نواز شریف کو بتایا کہ ان کے ساتھ تین سال میں کیا ہوتا رہا اور ان کی اپنی جماعت پی ٹی آئی نے ان کو کس طرح نشانہ بنایا۔