اگر معاملات حل نہ ہوئے تو دما دم مست قلندر ہوگا: شیخ رشید
- منگل 15 / مارچ / 2022
- 3250
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 23 سے 30 مارچ تک پورا ہفتہ بڑا زودار اور جوڈو کراٹے کی سیاست والا ہوگا۔ یہی گزارش ہے کہ تصادم اور انارکی سے پرہیز کریں، اگر معاملات حل نہ ہوئے تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن لانگ مارچ کی بات کررہے ہیں۔ مولانا کو سمجھنا چاہیے کہ مولا جٹ کی سیاست نہیں چلے گی۔ اس کے نتائج بہت خوفناک اور خطرناک ہوں گے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ عدم اعتماد کی بجائے کچھ اور نکل آئے۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں اور ملکی مفاد کا تقاضہ یہی ہے کہ انارکی نہ پھیلے۔ مجھے تصادم کا خطرہ ہے، لڑائی اور انارکی نہیں ہونی چاہیے ورنہ تحریک عدم اعتماد راستے میں ہی رہ جائے گی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان شا اللہ عمران خان کامیاب ہوں گے۔ لیکن دونوں صورتوں میں میری یہی درخواست ہے کہ ملک کو انارکی کی طرف نہ جانے دیں۔ مولانا کہہ رہے ہیں کہ ہم نے لاٹھیاں تیل میں بھگوئی ہوئی ہیں، یہ گفتگو مولانا کو زیب نہیں دیتی۔ عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے، اسے خوش اسلوبی سے نمٹانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقبول جلسے ہورہے ہیں، 27 تاریخ کو اتوار والے دن پی ٹی آئی کے جلسے میں 10 لاکھ اکھٹا ہونے کے بعد کچھ ایم این ایز بھی اپنے فیصلوں پر غور کریں گے۔ بعض ایم این ایز کو اگلی بار پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہ ملنے کا خطرہ ہے، ان کو ہم نے یقین دلانا ہے کہ اگلی بار بھی آپ کو ٹکٹ دیں گے۔
چوہدریوں کو یہی مشورہ دے سکتا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، مشورہ ہی دے سکتا ہوں انہیں کچھ اور نہیں کہہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں (ق) لیگ کے بارے میں کچھ کہوں گا تو وہ جلدی خفا ہوجائیں گے، 30 تارٰیخ تک میں احتیاط برتوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آپ ووٹ ڈالنے ضرور آئیں، آپ کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔ اگر کسی کو روکا گیا تو میں ذمہ دار ہوںِ ہم نے ایف سی بھی بلالی ہے۔ ایک ہزار رینجرز بھی طلب کرلی ہے لیکن جو سامراجی سنڈیاں ہیں ان کو تلف کردیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ مدت باقی ہے۔ ان کی عقل پر ماتم کرنے کا دل کرتا ہے کہ الیکشن سے ایک سال پہلے یہ لڑائی کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تصادم سے بچے ورنہ میری بات یاد رکھیں کہ گھیرے میں آجائیں گے، انارکی کا نتیجہ انتہائی الٹا نکلے گا۔ پھر ایک سال نہیں 10 سال آپ کو چپ کرکے انتظار کرنا پڑے گا۔