صدر، وفاقی وزرا سمیت پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت پارلیمنٹ حملہ کیس سے بری

  • منگل 15 / مارچ / 2022
  • 3500

انسداد دہشت گردی عدالت نے صدر مملکت عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کو پارلیمنٹ حملہ کیس سے بری کردیا۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا جو آج جج محمد علی وڑائچ نے سنایا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر دفاع پرویز خٹک، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی بھی مقدمے سے بری ہونے والوں میں شامل ہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین عبدالعلیم خان، جہانگیر خان ترین اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزمان کی مقدمہ سے بریت کی درخواستیں بھی منظورکرلیں۔ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی مقدمہ سے بری ہو چکے ہیں، پروسیکیوشن نے ملزمان کی بریت درخواستوں کی مخالفت نہیں کی

پارلیمنٹ حملہ کیس کی ایف آئی آر 30 اگست 2014 کو تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف  اور پاکستان عوامی تحریک  نے  2014 میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنا دیا تھا جو کئی ماہ جاری رہنے کے بعد آرمی پبلک اسکول حملے کے تناظر میں ختم کردیا گیا تھا۔

دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی تھیں۔

حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 70 افراد کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں پارلیمنٹ ہاؤس، پی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملوں اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام پر انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔