اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا قرار دے دیا

  • بدھ 16 / مارچ / 2022
  • 3120

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا قرار دینے کے لیے اسلامی تعاون تنطیم کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی سطح پر تحمل اور امن کے کلچر کو فروغ دینے کے مقصد کے طور پر 15 مارچ کو متفقہ طور پر عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا قرار دینے کی منظوری دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق قرار داد او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے علاوہ چین اور روس سمیت دیگر 8 ممالک کی حمایت سے پیش کی گئی تھی۔ قرارداد میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر لوگوں پر ہر قسم کے تشدد کے عمل اور عبادت گاہوں، مزاروں سمیت مذہبی مقامات پر اس طرح کے عمل کو سخت سے ناپسند کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ ‘اسلاموفوبیا ایک حقیقت ہے’ اور جنرل اسمبلی کے 193 اراکین نے نشان دہی کی ہے کہ یہ فینومینا بڑھ رہا ہے اور اس کا ازالہ کرنا چاہیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آج کی قرارداد میں تمام رکن ممالک، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں، دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں، سول سوسائٹی، نجی شعبہ اور مذہبی تنظیموں کو مناسب انداز میں عالمی سطح پر یہ دن منانے کی دعوت دی گئی ہے۔

قرارداد متفقہ طور پر منظور ہونے کے بعد کئی ممالک نے اس کو سراہا لیکن بھارت، فرانس اور یورپی یونین کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ دنیا بھر میں مذہبی عدم برداشت موجود ہے لیکن صرف اسلام کو الگ کر کے پیش کیا گیا ہے اور دیگر کو خارج کردیا گیا ہے۔

بھارتی سفیر ٹی ایس تریمورتی نے شکایت کی کہ قرارداد میں ہندو مخالف فوبیا سمیت دیگر مذاہب کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔