اراکین اسمبلی اپنی حفاظت کیلئے سندھ ہاؤس میں مقیم ہیں: پیپلز پارٹی
- جمعرات 17 / مارچ / 2022
- 3090
پاکستان پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی وزرا کی دھمکیوں اور پارلیمنٹ لاجز پر 10 مارچ کو پولیس چھاپے کے تناظر میں اپوزیشن کے متعدد اراکین قومی اسمبلی اس وقت سندھ ہاؤس میں قیام پذیر ہیں۔
یہ اعتراف حکومت کے ان الزامات کے بعد سامنے آیا ہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ سے قبل حکمران جماعت کے کچھ قانون سازوں کو سندھ ہاؤس میں قید کرلیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ایک درجن کے لگ بھگ ایم این ایز 'لاپتا' ہو گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے پارٹی کی انفارمیشن سیکریٹری ایم این اے شازیہ مری کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ارکان پارلیمنٹ سندھ ہاؤس میں ٹھہرے ہوئے ہیں، ہر رکن کو وہاں رہنے کا حق ہے، یہ اراکین اپوزیشن اور ہمارے اتحادیوں سے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ ان ایم این اے کو وہاں اس لیے رکھا گیاہے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ انہیں اغوا کیا جا سکتا ہے۔ ایک وزیر کے اس بیان کے بعد کہ اپوزیشن کو خودکش حملے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کے چھاپے کے بعد متعدد اراکین اسمبلی خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے تھے۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن رہنما حکومتی قانون سازوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے 'پیسے کے بوریوں' کے ساتھ سندھ ہاؤس میں بیٹھے ہیں ساتھ ہی انہوں نے الیکشن کمیشن سے مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا تھا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ سندھ پولیس کے تقریباً 400 اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکار سندھ ہاؤس میں تعینات کیے گئے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو رشوت دینے کے لیے استعمال ہونے والے پیسوں کے تھیلوں کی حفاظت کی جاسکے۔
تاہم پریس کانفرنس میں شازیہ مری نے دعویٰ کیا کہ سندھ ہاؤس میں رہنے والے اراکین کا تعلق پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے قانون سازوں سے ہے۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اراکین کا سراغ لگائے جو 'غائب' ہو گئے ہیں کیونکہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی مزید حمایت نہیں کرنا چاہتے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا یہ افراد سندھ ہاؤس میں اپنی مرضی سے قیام پذیر تھے یا ان کی جماعتوں نے انہیں وہاں رہنے کو کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس کے بجائے کچھ ایم این ایز کو وزیراعظم خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر قید کرلیا ہے، انہوں نے وزیر اعظم کی 'جعلی خبروں' کی بھی تردید کی کہ پی ٹی آئی کے منحرف افراد کو سندھ ہاؤس میں رکھا گیا ہے۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ پارلیمنٹیرین سندھ ہاؤس میں اپنی مرضی سے موجودہیں یا انہیں قید رکھا گیا ہے۔
سما ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز الٰہی نے حکمراں جماعت کو اپنے 12 ایم این ایز کو تلاش کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا، جو 'محفوظ حراست' میں ہیں اور انہیں ادھر ادھر جانے کی اجازت نہیں، یہ ایم این اے صرف ووٹنگ کے دن سامنے آئیں گے۔
ادھر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے حکومتی عہدیداروں کے بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا کہ وہ ارکان کو عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر بھی زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی بار بار خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی پی پی نے ابھی تک 25 مارچ کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے لانگ مارچ اور جلسہ عام میں شرکت کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا ہے حالانکہ اسے جلسے کی باقاعدہ دعوت دی گئی تھی۔