پی ٹی آئی کے باغی ایم این ایز کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی

  • جمعرات 17 / مارچ / 2022
  • 3420

اپوزیشن سے پینگیں بڑھانے والے مرد اور خواتین ایم این ایز کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو اہم تفصیلات پیش کردی گئی ہیں، جس میں  قومی اسمبلی کے تمام ارکان  کے حوالے سے مفصل تفصیلات  شامل  ہیں۔

وزیراعظم کو پیش کی گئی رپورٹ میں تحریک انصاف کے ایک درجن کے قریب ارکان قومی اسمبلی کی اپوزیشن کے ساتھ جھکاؤ اور معاملات طے کرنے کی تفصیلات  شامل ہیں، اور بتایا گیا ہے کہ جن حکومتی ارکان نے اپوزیشن سے پینگیں بڑھائیں ان میں مردوں کے ساتھ خواتین ایم این ایز بھی ہیں۔  ان میں سے کچھ ایسے ممبران اسمبلی اپوزیشن کے ساتھ مل گئے ہیں جو پہلی بار ایوان میں آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ہاؤس ان آرڈر کرنے کے مشورے پر بھی سنجیدہ غور شروع کردیا گیا ہےجب کہ ناراض ارکان سے حکومتی اعلی سطح پر بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔  حکومت نے واضح کیا ہے کہ آپ نے اپنا سیاسی کیریئر داؤ پر لگا دیا، لوگ بھی معاف نہیں کریں گے۔  ناراض ارکان کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ ایسا کچھ نہ ہوگا لوگ جلد بھول جاتے ہیں، آئندہ کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ کے بعد حکومت نے بھی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے  لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے دباؤ کو  کسی صورت خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیاسی استحکام کی خاطر باہمی مذاکرات کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کو تفصیلات پیش کرنے پر کئی سنیئر رہنما ہکے بکے رہ گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کور کمیٹی اور اہم وفاقی وزرا و اعلی عہدیدار مسلسل رابطے میں ہیں۔