وزیر اعظم نے سندھ میں گورنر راج کی سمری مسترد کردی

  • ہفتہ 19 / مارچ / 2022
  • 2910

حکومت نے سندھ میں گورنر راج کا ارادہ ملتوی کردیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل پی ٹی آئی سے منحرف ہونے والے اراکین نشستوں پر برقرار رہ سکتے ہیں یا انہیں نا اہل قرار دیا جائے گا۔

ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پی ٹی آئی مخالفین کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سمری پیش کی تھی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں موجودہ سیاسی حالات اور اپوزیشن کی حمایت کے لیے پی ٹی آئی کے ایک درجن سے زائد قانون سازوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا سندھ میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے شرکا نے تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی کہ پارٹی تحریک کا سامنا کرتے ہوئے مخالفین کو شکست دے گی۔