اسپیکر نے اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا

  • اتوار 20 / مارچ / 2022
  • 3770

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  اپوزیشن کی درخواست پر  اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ جمعہ کو صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔

 یہ اجلاس انہوں نے آئین کی شق 54 (3) اور شق 254 کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یہ موجودہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ہوگا جسے اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی غرض سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس بلانے میں تاخیر پر اپوزیشن نے او آئی سی کانفرنس کا انعقاد روکنے کی دھمکی دی تھی تاہم اب حکومت نے اجلاس بلالیا ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اجلاس میں مرحوم ارکانِ اسمبلی کی فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ فاتحہ خوانی کے بعد یہ اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی وجہ سے تاخیر سے 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق ریکوزیشن کے بعد اسپیکر 14 دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ گنتی کے حساب سے 14 دن کل(پیر 21 مارچ کو) پورے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس کل (پیر 21 مارچ کو) طلب کیا جانا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ اگر کل قومی اسمبلی کا یہ اجلاس نہیں بلایا جاتا تو یہ آئین شکنی ہو گی۔

شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی کی آڑ میں آئین شکنی نہیں کی جا سکتی۔