یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی دفاعی قوت کا شاندار مظاہرہ

  • بدھ 23 / مارچ / 2022
  • 4040

یوم قراردادِ پاکستان پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا تھا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان تھے۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سرانجام دیے۔

اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں ہونے والی شاندار فوجی پریڈ ہے جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ جبکہ لڑاکا طیارے فضائی مشقوں کا مظاہرہ کرتے ہیں، رواں سال یومِ پاکستان کی تھیم ’شاد رہے پاکستان‘ ہے۔ یومِ پاکستان کی خصوصی پریڈ کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ بھی شامل تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان خصوصی بگل بجا کر کیا گیا جس کے بعد وہ روایتی بگھی میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں آئے۔ یوم تجدیدِ عہد وفا کی خصوصی پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستے نے خصوصی پریڈ کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی کو سلام پیش کیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے اور اس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ ان کے علاوہ تقریب میں اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانیوں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ماہر پائلٹس نے چینی ساختہ جے 10 سی، جے ایف 17 تھنڈرز ، ایف 16 اور میراج طیاروں سمیت مسلح افواج کے سامانِ حرب میں شامل مختلف طیاروں پر فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔

خصوصی پریڈ میں بحرین کے نیشنل گارڈ، آذربائیجان کی مسلح افواج، ترک مسلح افواج، رائل سعودی بری فوج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا، اس پریڈ میں ازبکستان کی مسلح افواج کا دستہ پہلی مرتبہ شریک ہوا۔ سعودی عرب کے 29 کیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت ہیں۔

پریڈ میں پاک فوج کے جدید سامانِ حرب کی بھی نمائش کی گئی جن میں ٹینکس، طاقتور گنز، راکٹ سسٹمز، ایئر ڈیفنس سسٹمز، مسلح گاڑیوں، مواصلاتی آلات، جدید برقی آلات، ریڈار سسٹمز، میزائلز شامل تھے۔ اس کے بعد پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور پاک آرمی کے پیراٹروپرز 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال جمپ کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے۔