کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، مقابلہ کروں گا اور جیتوں گا: عمران خان

  • بدھ 23 / مارچ / 2022
  • 3930

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے تمام پتے ظاہر کر دیے ہیں لیکن میں اسے سرپرائز دوں گا۔  ان کو خود نہیں پتا کہ ان کے ساتھ ان کے کتنے لوگ رہ جائیں گے۔

  اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اپنے تمام کارڈ ز ظاہر کر دیے ہیں۔ میں کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے۔27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ مخالفین کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تحریک عدم اعتماد کے خوف سے گھر بیٹھ جاؤں گا۔ اپوزیشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور مخالفین کے دباؤ پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا مقابلہ کروں گا، مخالفین کے دباؤ پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔ تحریک عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ان چوروں کے دباؤ پر استعفیٰ دے دوں، کیا لڑائی سے پہلے ہی مخالفین سے شکست قبول کرکے ہاتھ کھڑے کردوں۔ ایسا ہرگز نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے میری ملاقات ہوئی ہے، ان سے میرا 40 سال پرانا تعلق ہے۔

عمران خان نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں سیاست کا بارہواں کھلاڑی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں، ان کا اب ٹیم سے باہر ہونے کا وقت ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے۔ افواجِ پاکستان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ اگر پاک فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوجاتے۔ اپنی سیاست کے لیے ملک کی سرحدوں کی محافظ فوج کو بدنام نہ کیا جائے۔

انہوں نے نیوٹرل لفظ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا۔ میں نے نیوٹرل والی بات اچھائی کا حکم دینے اور بُرائی سے روکنے کے تناظر میں کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ایک جلسے کے دوران کہا تھا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے۔ اللہ نے ہمیں نیکی کا ساتھ دینے اور برائی کے خلاف جہاد کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا رکھی ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے متعلق کارروائی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کا اجلاس 25 مارچ، 2022 بروز جمعہ دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر ایک فریق تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں کامیابی کے دعوے کرتا نظر آرہا ہے۔