عام انتخابات مدت پوری ہونے کے بعد ہوں گے: مریم اورنگزیب

  • جمعہ 22 / اپریل / 2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلی کی  مدت پوری ہونے کے بعد ہی عام انتخابات ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بھی ایک بار پھر وہی پرانی تقریر کی کیسٹ چلائی گئی۔ ان تقریروں میں فرق صرف یہ آتا ہے کہ کبھی کرپشن پر گالی دی جاتی ہے، کبھی ریاست مدینہ کے نام پر سیاست چمکانے کی کوشش کی جاتی ہے، کبھی امر بالمعروف کی گردان کی جاتی ہے۔ کبھی ایک جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد کو بیرونی سازش ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخالفین پر کرپشن کے الزامات لگائے مگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ ریاست مدینہ کے نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ 2 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھیل دیا۔ 60 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا، مہنگائی کی شرح کو 16 فیصد پر پہنچایا۔ آٹے کی قیمت کو 35 روپے سے 90 روپے تک پہنچایا۔ کارٹیلز اور مافیاز کی سرپرستی کرتے ہوئے چینی کی قیمت کو 52 روپے سے 120 روپے تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ خودداری کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر کشمیر فروشی کی۔ آج خودداری و خود مختاری کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کا سودا کیا، یہ وہ ہی لوگ ہیں جو امریکا کے دورے سے واپس آئے تو کہا تھا کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں۔ یہ وہ ہی شخص ہے جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیاسی مہم کا مینیجر بنا ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وہ ہی شخص ہے جس نے پاکستان کے عوام سے ان کی دوائیاں چھینیں، ادویات اسکینڈل سے حاصل کیا گیا پیسہ آج جلسوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ ہی شخص ہے جس نے فارن فنڈنگ میں 73 لاکھ ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی جو ڈیکلیئر نہیں کیے، جن کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے قرضوں کے بوجھ تلے پاکستان کے عوام کو ڈبو دیا۔ گزشتہ 4 سالوں کے دوران ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا گیا، انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ آئی ایم ایف سے طے کردہ شرائط پر بھی عمل نہیں کیا، جس کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ غلطی ہوگئی ہے تو غلطی کو ٹھیک کرو۔ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا، پارلیمنٹ پر حملہ کیا، آئینی تحریک عدم اعتماد پر حملہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاکستان کے عوام نے کامیاب کرائی، تحریک عدم اعتماد ان کے اپنے حواریوں اور اتحادیوں نے کامیاب کرائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ غلطی کو ٹھیک کرنے کی بات کرتے ہیں، کیا غلطی کو ٹھیک کرکے تمہاری معاشی دہشت گردی کو واپس لائیں۔ غلطی عمران خان نے کی تھی ملک کے آئین پر حملہ کرنے کی، عوام کو بے روزگار کرنے کی، ملک کو غریب اور مفلس کرنے کی، پاکستان کے عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی، کشمیر فروشی کی اور اس پر کہتے ہیں کہ بیرونی سازش ہوئی ہے۔ ایسی باتیں کرتے ہوئے عمران خان کو شرم آنی چاہیے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ بیت المال ہوتا ہے جس میں عمران خان نے ڈاکا ڈالا ہے۔ 41 سال میں عمران خان کی انکم میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا 2018 سے لے کر 2019 کے دوران ہوا۔ اس دوران آپ نے توشہ خانے میں موجود تمام مہنگی اور قیمتی اشیا کو 20 فیصد رقم کے عوض اپنے پاس رکھ لیا اور اس کے بعد توشہ خانے کی اشیا کی قیمت 50 فیصد مقرر کردی۔

عمران خان کو تحفے بطور وزیراعظم پاکستان دیے گئے تھے اور انہوں نے وہ تحفے فروخت کردیے۔ آپ کی وزیراعظم کی کرسی تھی یا کوئی دکان تھی، آپ نے 14 کروڑ کی چیزوں کو 20 فیصد قیمت کے حساب سے 3 کروڑ میں خریدا، اس کے بعد ریٹ کو 50 فیصد پر مقرر کردیا۔ کیا عمران خان نے پاکستان کے عوام کو پاگل سمجھا ہوا ہے۔ عمران خان نے جو تحفے خریدے ان کے پیسے کہاں سے آئے، عمران خان نے توشہ خانے کے تحائف مانگے تانگے کے پیسوں سے خریدے، عمران خان ان کی منی ٹریل اور ریکارڈ دیں۔

عمران خان نے تو وزیراعظم ہاؤس کو یونی ورسٹی بنانا تھا، سائیکل پر دفتر جانا تھا، عمران خان ایک ارب کا ہیلی کاپٹر اڑائیں اور کہیں کہ غلطی کو ٹھیک کریں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن پاکستان کے عوام کا حق ہے جو مدت پوری ہونے کے بعد ہوگا۔ جو الیکشن ہوگا اس میں آر ٹی ایس بیھٹنے کی غلطی نہیں ہوگی، وہ صاف شفاف الیکشن ہوگا۔ اب ڈسکہ کی طرح بلیٹ باکس چوری نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن کا عملہ غائب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام عمران خان کو ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ وہ اب جان چکے ہیں کہ ان کی روٹی کا چور عمران خان ہے۔ ان کے آٹے، چینی اور دوائی کا چور عمران خان ہے، عوام جان چکے ہیں کہ عمران خان ایک جھوٹا اور منافق شخص ہے جس کے قول و فعل میں تضاد ہے جو صبح اور بات کرتا ہےاور رات کو کوئی اور بات کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالے گی۔ مشکل فیصلے کریں گے لیکن پاکستان کے عوام کے ریلیف کے لیے ہوں گے، کسی مافیا کو دائیں، بائیں نہیں بٹھایا نہیں جائے گا، کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نئے الیکشن کا مطالبہ ہمارا تھا اور یہ حکومت جلد عوام کو صاف، شفاف الیکشن کا تحفہ دے گی۔