پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 مئی تک ملتوی کردیا گیا

  • جمعرات 28 / اپریل / 2022

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس 16 مئی تک ملتوی کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونا تھی جس کے لیے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا۔ تاہم آج اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 11 بجے شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل ملتوی کر دیا۔

اجلاس ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس اب 16 مئی کی صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا۔ چودھری پرویز الہٰی نے اجلاس ملتوی کیے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے آج کا اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں تھا۔ موجودہ حالات کی وجہ سے اجلاس کو سوموار 16 مئی 2022 بوقت دن ساڑھے 11 بجے تک کے لیے ملتوی کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے افسران کو پولیس کے ذریعے غیر قانونی طور پر حراساں کیا جا رہا ہے۔ کچھ افسران گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ بہت سے مزید افسران کو پولیس گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پولیس نے ایوان میں گھس کر اراکین اسمبلی پر تشدد کیا، ہماری ایک رکن اسمبلی تشدد کئے جانے کی وجہ سے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ گزشتہ ساڑھے 3 سال میں ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے جو شریفوں نے اقتدار ملنے کے چند روز میں پیدا کر دیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے حوالے سے جاری کیے گئے ایجنڈے کے مطابق آج ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی ہونا تھی۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے دوران تعاون کی وجہ سے آج دوست محمد مزاری کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ آج کے اجلاس کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے جو کہ ڈپٹی سپیکر کے خلاف قرارداد ہے، پی ٹی آئی کو تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کے لیے 186 اراکین اسمبلی کی حمایت کی ضرورت ہے۔