مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد مارچ کی کال دیں گے: عمران خان

  • ہفتہ 30 / اپریل / 2022

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ سارے پاکستانیوں کو مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد مارچ کی کال دیں گے۔ اس کے لیے چاند رات سے تیاری شروع ہوگی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیوپیغام میں کہا کہ آج ہماری کور کمیٹی کا اجلاس ہوا اور ہم نے تفصیل سے بحث کی ہے کہ ہم نے اسلام آباد میں کال دینی ہے وہ کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہوگی۔ ہم مئی کے آخر  میں یہ کال دیں گے۔ اس مین صرف تحریک انصاف کے لوگوں نے نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں نے شرکت کرنا ہے۔ کیوں کہ ایک بیرون ملک سازش کے تحت پاکستان کے کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔ جو وزیراعظم بنا ہے، اس کو کرائم منسٹر کہتےہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے اور قومی احتساب بیورو میں ان کے 40 ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں اور اسی لیے میں چاہتا ہوں ابھی سے سارے پاکستان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سب تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہمارا اگلا لائحہ عمل اسلام آباد مارچ کی پوری تیاری ہوگی، جس کے بارے میں میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع ہوگا اور عوام کا سمندر اسلام آباد آئے گا اور کہے گا اس کے بعد کوئی بیرونی ملک ہمارے اوپر ایک کرپٹ ٹولے کو مسلط نہیں کرسکے گا۔

پاکستان کا جو فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے 23 اپریل کو بنی گالا میں پریس کانفرنس میں مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر سپریم کورٹ کی اوپن سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کارکنان کو دارالحکومت اسلام آباد میں مارچ کی تیاری کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

وزارت عظمیٰ سے معزول ہونے کے بعد اسلام آباد میں پہلی پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا ہے کہ مراسلہ حقیقت ہے، جس میں تکبر کے ساتھ دھمکی دی گئی تھی اور تکبر کے ساتھ کہا گیا تھا کہ عمران خان کو ہٹایا گیا تو معافی دی جائے گی۔