یو اے ای کا وفد معاشی فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پاکستان آئے گا

  • سوموار 02 / مئ / 2022

وزیر اعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین کی ایک ٹیم دونوں ممالک کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے 'ہنگامی دورے' پر پاکستان آئے گی۔

یہ اعلان وزیر اعظم شہباز شریف کے تین روزہ دورہ سعودی عرب کے بعد یو اے ای کے دورے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ دورے کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دروان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بہتر کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ امارات نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے متعدد علاقائی اور عالمی معاملات کا جائزہ لیا۔ یہ ملاقات قصر الشاطی پیلس میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد نے آنے والے دنوں میں پاکستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے میں وزیر اعظم شہباز کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آج وزیراعظم کے دفتر کی مختلف ٹوٹئس میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی ماہرین کا وفد فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ یو اے ای کے ماہرین کا وفد 3 مئی کو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرے گا جہاں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے کی تجاویز و سفارشات پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے کی جانی والی ٹوئٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بات چیت ہوگی اور دورہ کرنے والے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔

وفد کے دورہ پاکستان کے دوران بجلی، پیٹرولیم اور صنعتی شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔ گزشتہ سال پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہوئے تھے۔

خلیجی ملک نے اپریل 2021 میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرض دینے کا فیصلہ بھی کیا تھا جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے ہر ممکن تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔