پاکستان، متحدہ عرب امارات کا تجارت، توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق
وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے اقتصادی ماہرین کی ایک ٹیم نے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر اور پٹرولیم کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں یو اے ای کے معاشی وفد نے 3 مئی 2022 کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے اور تعلقات کو خاص طور پر اقتصادی محاذ پر ایک نئی سطح تک لے جانے کا خواہشمند ہے۔ پاکستان اس برادرانہ اقدام کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے اور اماراتی بھائیوں کی جانب سے پاکستان میں خاطر خواہ اور نمایاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو خوش آمدید کہتا ہے۔
فریقین نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم اور دیگر اہم شعبوں سمیت دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق فریقین نے سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق دونوں ممالک کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بعدازں وزیر اعظم نے اماراتی وفد کے لیے عشائیہ دیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب سے واپسی پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور مختلف محاذوں پر تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔