ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بنک کے طور پر توسیع نہیں دی گئی
وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ڈاکٹر رضا باقر کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر رضا سید کو نیا گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ ڈاکٹر رضا باقر کی مدت ملازمت 4 مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔ قانون کے مطابق نئے گورنر کا فیصلہ ہونے تک سینئر ترین ڈپٹی گورنر یہ عہدہ سنبھالتا ہے۔ اس لیے ڈاکٹر مرتضیٰ سید گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے جو کہ آئی ایم ایف کے بھرپور تجربے کا حامل ایک قابل ماہر معیشت ہیں۔ نئی ذمہ داری سنبھالنے پر میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈاکٹر مرتضیٰ سید میکرو اکنامک ریسرچ اور پالیسی سازی میں 20 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں شمولیت کے لیے مستعفی ہونے سے قبل 16 سال تک آئی ایم ایف کے ساتھ کام کیا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے نفیلڈ کالج سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ہے اور کیمبرج اور آکسفورڈ یونیورسٹیوں میں عوامی پالیسی پر لیکچر دے چکے ہیں۔
گزشتہ روز مفتاح اسمٰعیل نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ حکومت ڈاکٹر رضا باقر کو توسیع نہیں دے گی۔ ٹوئر پر جاری اپنے ایک بیان میں مفتاح اسمٰعیل نے بتایا تھا کہ میں نے رضا باقر سے بات کی ہے اور انہیں حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے پر رضا باقر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ رضا باقر غیر معمولی طور پر قابل آدمی ہیں اور ہم نے مختصر وقت میں ایک ساتھ کافی کام کیا۔ میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
مفتاح اسمٰعیل کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کے بعد ڈاکٹر رضا باقر نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں اللہ تعالیٰ اور اپنے ساتھی ٹیم کے ارکان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں عوامی عہدے پر خدمات انجام دینے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا میں پاکستانیوں اور خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عوامی خدمات سرانجام دینے کی ترغیب دیتا ہوں۔
ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ان کا مقابلہ کرنے کے لیے زبردست صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ مجھے یقین اور امید ہے کہ ہم بحیثیت ملک آنے والے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے صحیح انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مئی 2019 میں تین سال کے لیے ڈاکٹر رضا باقر کو اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کیا تھا۔