میری کردارکشی کیلئے مواد تیار کیا جارہا ہے: عمران خان
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مخالفین نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو ان کی کردار کشی کے لیے مواد تیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنی خیالات کا اظہار نجی ٹی وی انٹرویو کے دوران کیا۔ انٹرویو کے دوران ان سے کرکٹر سے سیاست دان بننے کے سفر میں سیاست اور پانچویں نسل کی جنگ میں استعمال ہونے والی مارکیٹنگ کمپنیوں کے بارے میں سوال کیا گیا۔
عمران خان کا تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے سپورٹرز کو مصنوعی انٹیلی جنس کے ذریعے بنائی جانے والی ’جعلی ویڈیو‘ کے بارے میں خبردار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت سے مافیاز کا سامنا کر چکا ہوں، ان میں سب سے بڑا مافیا شریف مافیا ہے۔ وہ ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ وہ گزشتہ 35 سالوں سے کرپشن میں ملوث ہیں‘۔
جب کوئی ان کی بدعنوانیوں کی نشاندہی کرتا ہے تو یہ اس کی کردارکشی کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں ان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کو نشانہ بنایا گیا، ان کے خلاف مہم چلاتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ ’یہودی لابی‘ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عید کے بعد ان کی کردارکشی کے لیے مہم چلانے کی تیاریاں کر چکا ہے۔ اب عید ختم ہوگئی ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ میری کردارکشی کے لیے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے مواد تیار کرنے کے لیے کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ 60 فیصد وفاقی کابینہ ضمانت پر ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی ضمانت پر ہیں۔ مریم بھی ضمانت پر ہیں اور نواز شریف کے خلاف فیصلہ سنایا جاچکا ہے جبکہ نواز شریف کے صاحبزادے ملک سے باہر بھاگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کے پاس اپنے دفاع کے لیے کیا موجود ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں انہیں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب دینا ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ ’اگر آپ ضمانت پر ہیں تو آپ کسی جمہوریت میں نہیں آسکتے اور آپ کوئی عہدہ نہیں لے سکتے‘۔
انہوں نے موجودہ حکومت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بجائے جوابدہ ہونے کے وہ اربوں روپے کی کرپشن کریں گے۔ شریفوں کی توجہ بس میری کردارکشی پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریفوں نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی طرح کی مزید ’ٹیپس‘ تیار کی ہیں۔ یہ مافیا کا انداز ہے، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ قوم یہ سمجھے کہ اگر آپ کسی کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔
پی ٹی آئی نے مئی کے آخر تک اسلام آباد تک اپنے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے یہ عوام کی نظروں میں ان کی عزت کو کم کرنا اور ان کے کردار کو مجروح کرنا چاہتے ہیں۔ وہ پہلے بھی ایسا کرتے رہے ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے‘۔