تحریک انصاف نے انکوائری کمیشن کی تجویز مسترد کردی
تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر حکومت کے کمیشن قائم کرنے کے اعلان کو مسترد کردیا ہے اور کہاہے کہ صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔تحریک انصاف صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔ فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر کوئی الزام نہیں ہے ۔ اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ عدالتی کمیشن کا اعلان بدنیتی پر مبنی ہے، موجودہ حکومت امپورٹڈ سازش کا حصہ ہے۔ ہمارا مطالبہ سپریم کورٹ کے تحت کمیشن کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن میں اہم سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 63 اے پر عمل در آمد کرے، الیکشن کمیشن ایک ماہ میں فیصلے کا پابند ہے لیکن الیکشن کمیشن فیصلے میں تاخیر کر رہا ہے۔