بیرونی سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا اعلان
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران کے بیرون ملک سازش کے الزامات پر ’انکوائری کمیشن‘ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو تمام حقائق عوام کے سامنے لائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بیرونی ملک کی سازش سے ملک میں حکومت تبدیل ہوئی جس پر حکومت ’انکوائری کمیشن‘ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوراں تمام شیطان قید تھے مگر اب رمضان ختم ہو چکا ہے اور ان کے جھوٹ پر مبنی چار سال کا اعمال نامہ عوام کے سامنے لایا جائے گا، جس کا بوجھ عوام کو معاشی تباہی اور بیروزگاری کی صورت میں اٹھانا پڑا ہے۔
موجودہ حکومت صرف اس کوشش میں ہے کہ جو معاشی تباہی، معاشی دہشت گردی اور معاشی بارودی سرنگیں عمران خان بچھا کر گئے ہیں اس کا بوجھ پاکستانی عوام تک نہ پہنچے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام پالیسیوں کا اس وقت جائزہ لیا جارہا ہے۔ جس طرح چار سال میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا اس کی وجہ سے پاکستانی عوام آج اس مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ہر روز صبح، دوپہر اور شام وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چار سال لوٹ مار کرنے والا اب فرح گوگی بچاؤ تحریک کا ترجمان بنا ہوا ہے۔ کرائے کے ترجمان جو پہلے کہتے تھے کہ فرح گوگی سے ہمارا تعلق نہیں اب صبح شام فرح گوگی کی بچاؤ تحریک میں قطاروں میں لگے ہوئے ہیں۔ اور فرح گوگی کے حق میں بیان جاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تین ہفتوں میں جو یہ بیرون ملک سازش کا رونا رو رہا ہے وہ دراصل فرح گوگی بچاؤ تحریک کا عنوان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک کوئی سازش نہیں ہوئی۔ جو7 اپریل کو خط آیا ہو، 8 تاریخ کو سفیر آیا ہو اور 28 تاریخ کو کاغذ لہرایا جائے۔ عمران خان کو اس وقت بیرونی سازش نظر آئی جب ان کے اپنے اتحادی چھوڑ گئے، جب عوام نے مسترد کیا اور نمبر گیم ختم ہوگئی۔ اب اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے صبح شام بیرونی ملک سازش کا تماشہ کیا جارہا ہے لیکن پاکستانی عوام سمجھ چکے ہیں کہ یہ سارا جھوٹ اصل میں گوگی بچاؤ تحریک ہے۔
جب بیرون ملک سازش ہوتی ہے تو وہ آپ کو بلا کر یہ نہیں بتاتے کہ ہم آپ کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ یہ تماشہ نہیں چلے گا اور یہ الزامات کی گردان بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ انکوائری کمیشن بنایا جائے گا، کمیشن کے قواعد و ضوابط کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔ کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی اور کمیشن کی تجاویز پر ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بیرونی ملک سازش کا ڈرامہ رچانے پر اب عمران خان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور تمام حقائق پاکستانی عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انکوائری کمیشن منصفانہ بنیاد پر قائم کیا جائے گا اور کمیشن کا سربراہ غیر جانبدار ہوگا تاکہ اس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔