وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ کا فون

  • ہفتہ 07 / مئ / 2022

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے وزارت سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے فون کیا۔ فون کال کے دوران امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام و مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور خطے سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کو رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کووڈ ورچوئل سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ سیکریٹری آف اسٹیٹ کی طرف سے 18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈ سیکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

وزیر خارجہ اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

دفترخارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پولینڈ کے شہر وارسا میں منعقدہ اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس برائے یوکرین میں ورچوئل شرکت کی۔ وزیر مملکت نے یوکرین کے عوام کے لیے انسانی امداد کے لیے کانفرنس کے انعقاد پر پولینڈ اور سویڈن کے وزرائے اعظم کی کوششوں کو سراہا۔