سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کے خلاف کارروائی
حکومت نے فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز کے ذریعےلوگوں کی بدنامی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی جعلی اور قابل اعتراض تصاویر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کروائی ہے۔ اس کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے مسئلے سےمتعلق سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
گزشتہ دنوں ایک ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی اطلاع حکام کو دے دی ہے اور کارروائی کی منتظر ہیں۔ واضح طور پر فوٹو شاپ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو کچھ ممتاز ٹوئٹر اکاؤنٹس کے علاوہ کچھ نئے بنائے گئے اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا ہے۔
ایف آئی اے نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے خبردار کیا کہ جعلی ویڈیوز کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے ادارے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سےجاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ان ویڈیوز کو بنانے، پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قید اور جرمانے کی شکل میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ لوگوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ان ویڈیوز کو شیئر کرنا بند کر دیں۔