خصوصی نشستوں پر منتخب نمائندوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر جیل میں ڈال دینا چاہیے: عمران خان

  • اتوار 08 / مئ / 2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے کے بعد اور اپنی وفاداری ’فروخت‘ کرنے والے قانون سازوں کو جیل میں پھینک دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں پنجاب کے قانون سازوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ قانون ساز جن کے پاس حلقے ہیں یہ دلیل دے سکتے ہیں کہ پی ٹی آئی ان کے علاقے میں مشہور نہیں تھی اور اسی لیے انہوں نے اسے چھوڑ دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی کیسے مخصوص نشستوں پر دوسری طرف جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے ضمیر بیچ دیے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ انہیں سیدھا جیل بھیجنا چاہیے۔ عمران خان نے اپنے خطاب کے آغاز میں ان قانون سازوں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پنجاب اسمبلی میں ’آخری گیند تک مقابلہ کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی سے منحرف ہونے والوں نے قربانی دینے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے۔ انہوں نے خود کو ہمیشہ کےلیے ختم کرلیا ہے۔ لوگ ان کے بچوں کو یاد کروائیں گے کہ انہوں نے کیا کیا تھا۔

عمران خان نےکہا کہ  ایک ایسا انقلاب برپا ہوا ہے جس کے بارے میں کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، صرف وقت یہ ثابت کرے گا کہ یہ ملک کی تاریخ میں ایک عظیم انقلاب ثابت ہوگا۔