مسلح افواج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے: آئی ایس پی آر

  • اتوار 08 / مئ / 2022

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال دنوں میں ملک میں جاری سیاسی گفتگو میں پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی قیادت کو گھسیٹنے کی تیز اور دانستہ طور پر کوششیں کی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کوششیں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ ان کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے براہ راست، واضح یا ڈھکے چھپے حوالوں سے ظاہر ہوتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی مہم میں کچھ سیاسی رہنما، چند صحافی اور تجزیہ کار بھی شامل ہیں جو عوامی فورمز، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سمیت مختلف مواصلاتی پلیٹ فارمز پر غیر مصدقہ، ہتک آمیز، اشتعال انگیز بیانات اور ریمارکس دیتے نظر آتے ہیں جو کہ انتہائی نقصان دہ ہے۔