وزیراعظم وفد کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن جارہے ہیں: مریم اورنگزیب

  • منگل 10 / مئ / 2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور  مسلم لیگ (ن) کا وفد نجی دورے پر نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن جارہا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران نیازی مسلسل آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ 3 اپریل سے آئین شکنی کا شروع ہونے والا عمل آج تک پنجاب میں جاری ہے۔ پی ٹی آئی آئین شکنی کے ساتھ ساتھ غنڈہ گردی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن جارہے ہیں۔ وزیر اعظم کے ہمراہ (ن) لیگ کا پارٹی وفد نجی دورے پر نواز شریف سے ملاقات کرنے کے لیے لندن جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں میں مشاورت کا عمل جاری رہتا ہے، ہم وہ کام کریں گے جو پاکستان اور عوام کے حق میں بہتر ہو۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت حنیف عباسی کی تعیناتی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے نوٹس کا جواب جمع کرائے گی۔ حنیف عباسی ضمانت پر ہیں اور عدالت کے نوٹس کا سیاق و سباق کے ساتھ جواب تیار کیا جارہا ہے جو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے اور تمام حقائق و حکومتی اقدامات اور منصوبوں سے قوم کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ ہوتا تو آج عمران خان کو جھوٹا سازشی خط دکھانے کی ضرورت نہ پڑتی۔