سازش کی تحقیقات کیلئے بااختیار عدالتی کمیشن بنایا جائے: صدر

  • منگل 10 / مئ / 2022

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس سے کہا ہے کہ حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی تحقیقات کے لیے ایک بااختیار عدالتی کمیشن تشکیل دے دیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس غیر ملکی سازش کا پرچار کررہے ہیں۔

صدر عارف علوی کا اقدام سابق وزیر اعظم کے 30 اپریل کو صدر مملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘دھمکی آمیز خط’ کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے پیچھے ‘سازش’ کا یہ واضح ثبوت ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت میں تبدیلی کے لیے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالات و واقعات پر مبنی شواہد حاصل کرنے سے معاملے کو انجام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ معاملے کی مکمل تحقیقات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کو آگاہ کیا کہ وہ ان کا خط وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔ چیف جسٹس کو سے تحقیقات اور سماعت کے لیے ایک بااختیار عدالتی کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کی ہے۔