گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

  • جمعہ 13 / مئ / 2022

گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا سے گوجرانوالہ آنے والی 2 مسافر گاڑیوں کا کوٹ لدھا کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر سے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ غلط جانب سے آنے والے ڈمپر کے ڈرائیور کا  ڈرائیونگ کے دوران سونے کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع پر ایس پی صدر عثمان ٹیپو اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ مسافر سرگودھا میں مزار پر حاضری کے بعد گوجرانوالہ جارہے تھے۔

حادثے میں ایک بچی اور 6 خواتین سمیت 12 افراد جان بحق ہوئے۔ زخمیوں کو حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات میں تیز رفتار ڈمپر کا 2 مسافر گاڑیوں کے ساتھ تصادم کا انکشاف ہوا ہے، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔