میران شاہ کے قریب خودکش دھماکے سے 3 جوان، 3 بچے شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب خودکش دھماکے میں پاک فوج کے 3 جوان اور 3 معصوم بچے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پاک فوج کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 3 جوان اور 3 معصوم بچے شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں پاکپتن کے رہائشی 33 سالہ لانس حوالدار زبیر قادر، ہری پور کے رہائشی 21 سالہ سپاہی عذیر اسفر اور ملتان کے رہائشی 22 سالہ سپاہی قاسم مقصود شامل ہیں۔
خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے بچوں کی شناخت احمد حسان (11 سال)، احسن (8 سال) اور انعم (4 سال) شامل ہیں۔ واقعے کے بعد مسلح افواج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مجرموں کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ انٹیلی جنس ایجنسیاں خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیرستان میں دہشت گردی کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے یہ واقعات معمول بن چکے ہیں جس میں افواج پاکستان کے جوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اپریل میں بھی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔