چینی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، خاتون خودکش بمبار گرفتار
سی ٹی ڈی اور ویمن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کی گئی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تربت سی ٹی ڈی اور ویمن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں۔ خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے تیار خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلہ کو نشانہ بنانا جاہتی تھی۔ گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں چین کے اساتذہ کو لے جانے والی وین کو خودکش بمبار نے دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں تین چینی باشندے اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔
واقعے کی بعد تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خود کش بمبار شاری بلوچ نامی خاتون تھی۔ بم دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں خودکش بمبار خاتون کے علاوہ دوسرے لوگ بھی شامل ہیں۔