وزیراعظم کی عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی ہدایت
وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو فول پروف سیکورٹی دینے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان کا دعویٰ کہ انہین ہلاک کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم عمران خان چاہیں تو ان کی جان کو لاحق مبینہ خطرات کے معاملے پر ایک جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا سکتا ہے۔ جوڈیشل کمیشن عمران خان کے فراہم کردہ شواہد اور معلومات کا جائزہ لے کر آزادانہ فیصلہ دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جان کو ممکنہ خطرے سے متعلق اگر کوئی ٹھوس ثبوت عمران خان کے پاس ہیں تو اسے وزارت داخلہ سے فی الفور شئیر کریں، حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروانے کے لیے تیار ہے۔ اگرعمران خان اپنی جان کو خطرے سے متعلق معلومات فراہم نہیں کرتے تو امریکی سازش کی طرح اس بیانیے کو بھی ایک پولیٹیکل سٹنٹ ہی تصور کیا جائے گا۔
اس دوران وفاقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزارت کی جانب سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی فُول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق وزیراعظم کے لیے مقرر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی پر مکمل عملدرآمد کے لیے احکامات دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے سنیچر کی شب سیالکوٹ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر، ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایک سازش ہو رہی ہے۔ اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔
وزارت داخلہ کے مطابق تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سلسلے میں واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس اگر اپنی سکیورٹی کے حوالے سے خاص اطلاع ہے تو وہ اسے وزارت داخلہ سے ضرور شیئر کریں تاکہ سکیورٹی کے مزیدانتظامات کے جا سکیں۔