ٹی ٹی پی کے ساتھ جنگ بندی میں 30 مئی تک توسیع
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے دہشت گرد تنظیم کے ساتھ افغانستان میں مذاکرات جاری ہیں۔
تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں بتایا کہ جنگ بندی 30 مئی تک برقرار رہے گی۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسلامی امارات افغانستان کی ثالثی میں تحریک طالبان اور حکومت پاکستان کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
محسود قبیلے کے 32 افراد پر مشتمل کمیٹی اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف قبائل کی 16 افراد پر مشتمل کمیٹی نے بھی حکومت پاکستان کے مطالبے پر تحریک طالبان پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ 13 اور 14 مئی کو مذاکرات کیے تھے۔ ان مذاکرات میں دونوں جانب سے پرزور مطالبہ کیا گیا تھا کہ کمیٹیوں سے جاری مذاکرات کی روشنی میں فائر بندی کا اعلان ہونا چاہیے۔ ان کے اس مطالبے پر فریقین نے اتفاق کرتے ہوئے 30 مئی تک فائر بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی امارات، ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پشتو میں کیے گئے متعدد ٹوئٹس میں بتایا کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور جنگ بندی پر رضامندی ہو گئی ہے۔
اسلامی امارات افغانستان نیک نیتی سے اس عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ دونوں جانب سے لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی نے اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تاہم ان کے جواب کا انتظار ہے۔
کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے ذرائع نے پاکستانی وفد کے دورے کی تصدیق کی۔ تاہم ذرائع نے کمیٹی کے اراکین یا مذاکرات کی تفصیلات کے معاملے میں کوئی بات نہیں کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے ساتھ ایک ماہ تک جاری رہنے والی جنگ بندی میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت پہلے سے کیے گئے فیصلوں پر عمل کرنے میں ناکام رہی۔