عمران خان جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ اعلان کریں گے
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوئی جب تک وکلا اس میں شامل نہیں ہوتے۔ پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے میں آج سب وکیلوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ سب نے میرے ساتھ اس تحریک میں شامل ہونا ہے۔ امریکی سازش کے تحت رجیم چینج کرکے چوروں، لوٹیروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، ہم سب اس کو مسترد کرتے ہیں، غلامی نامنظور کرتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز ملتان میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں آپ سب نے شرکت کرنی ہے۔ میں وہاں آپ سب کو دیکھنا چاہتا ہوں، میں جلسے میں آپ سب کو اسلام آباد آنے کی تاریخ دوں گا اور آپ سب نے وہاں آنا ہے۔
ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرر ہے ہیں مگر ہم پر مسلط کیے گئے لوگ پوری کوشش کریں گے کہ ہمیں روکیں۔ ہر حربہ استعمال کریں گے ہمیں روکنے کے لیے، اس لیے ہمیں آپ لوگوں کی ضرورت ہے، مجھے اپنے وکیلوں کی ضرورت ہے۔ قانون کی حکمرانی کے خلاف ایک بڑی واردات ہوئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں اس تحریک کو کامیاب کرنے کے لیے وکلا کی ضروت ہے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی اور بالادستی نہیں ہوتی وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا۔ مسلم دنیا کا کوئی ملک انصاف فراہمی کی عالمی درجہ بندی میں شاید ہی 20 فیصد سے اوپر ہو، جتنا غریب ملک، اتنا ہی اس ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی کم ہے، اتنی ہی غربت زیادہ ہے۔
جو تحریک شروع ہونے جارہی ہے، یہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لیے، ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے لیے ہے اور ملک کو امریکا کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے آزاد کرانے کے لیے ہے۔