کسی کو پاک چین تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چین سے مذاکرت میں ہم نے باہمی مفادات کے تمام امور پر بات چیت کی ہے اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ کسی کو دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی ہم منصب کے ہمراہ بیجنگ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ باہمی خطرات اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا جائزہ لیا جس میں معاشی سست روی، کووڈ 19 کی وبا، موسمیاتی تبدیلی، تحفظ خوارک اور دہشت گردی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین سے سیاست، دفاع، اسٹریٹجک تعلقات پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی رفتار پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے جس نے پاکستان کی سماجی اقتصادیات اور عام آدمی کی زندگیوں کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی تعلقات میں بہتری پر بھی بات چیت کی ہے اور میں چین کا پاکستانی حکمت عملی کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، انفرااسٹرکچر، جدت، مالی تعاون میں چین کے کردار کو سراہتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے 26 اپریل کو کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کی، جس میں 3 چینی شہری اور پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک نہ پہنچا دے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی کروانا چاہتا ہوں کہ پاکستان چینی شہریوں، اداروں، منصوبوں کو اہم مقام دے گا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے اور ہم کسی کو پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ افغانستان کی صورتحال، انسانی بحران اور معاشی تباہی سے نہ صرف افغانستان کے لوگوں بلکہ خطے کے لیے بھی خطرہ ہے۔ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہم ہر تنازع کو حل کرسکتے ہیں۔ ہمیں خطے اور انسانیت کو بچانے، موسمیاتی تبدیلی، غربت اور طویل المدت امن اور استحکام پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر کو مسلم اکثریتی سے مسلم اقلیتی خطے میں بدلنے کے غیر قانونی اقدام کے تنازع پر چین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی زندہ باد۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاک چین تعلقات کے 71 برس مکمل ہونے کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ہمراہ کیک کاٹا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوانگژو میں چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وانگ یی کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری نے چین کا پہلا دورہ کیا ہے۔