اسلام آباد میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کیلئے فوج طلب کرلی گئی

  • منگل 24 / مئ / 2022

وزارت داخلہ نے اسلام آباد کے ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لئے فوج  طلب کر لی ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس، وزیر اعظم آفس، ایوان صدر، سپریم کورٹ پر فوج تعینات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون کی تمام سیکیورٹی فوج کے حوالے کی جائے گی۔ ریڈ زون میں قائم تمام حساس سرکاری عمارتوں پر فوج تعینات ہوگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 2 ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اس کا دائرہ ریڈ زون کے ایک کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس، وزیر اعظم آفس، ایوان صدر، سپریم کورٹ کے علاوہ کابینہ ڈویژن سمیت دیگر سرکاری عمارتوں پر بھی فوج تعینات ہوگی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ایف سی کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف سی کے 2 ہزار اہلکار اسلام آباد میں فرائض انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں، ایسے دھرنوں سے معیشت خراب اور دیہاڑی دار مزدور متاثر ہوگا۔